نیپال میں شدید زلزلے سے تباہی، کم از کم سو ہلاک

نیپال میں 2011 میں بھی شدید زلزلہ آیا تھا

،تصویر کا ذریعہSheelendra Shakya

،تصویر کا کیپشننیپال میں 2011 میں بھی شدید زلزلہ آیا تھا

نیپال اور بھارت میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد ہلاکتوں اور مالی نقصانات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کم از کم ایک سو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

نیپال کے وزیرِ اطلاعات میریندرا ریجال نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ زلزلے کے مرکز کے اردگرد کے علاقوں میں ہونے والے نقصانات کے بارے میں جاننے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد خاصی زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ کھٹمنڈو میں بے شمار عمارتیں خستہ حال ہیں اور گنجان آباد تنگ گلیوں میں ہرگھر میں کئی افراد رہتے ہیں۔ سنہ 1934 میں نیپال میں 8.3 شدت کا جو زلزلہ آیا تھا اس میں تقریباّ دس ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اطلاعات کے مطابق کھٹنڈو کے مرکزی ہسپتال میں زخمیوں کو مسلسل لایا جا رہا ہے جن میں سے کئی ایک کی ٹانگیں اور بازو ٹوٹے ہوئے ہیں، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ زلزلے میں کتنے لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

نیپالی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ کھٹمنڈو شہر میں ایک قدیم تاریخی عمارت بھی منہدم ہوئی ہے جس میں خدشہ ہے کہ کم از کم 50 افراد پھنس گئے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویٹ سائٹس پر قدیم مندروں اور دیگر عمارتوں کی تباہی کی تصاویر جاری کی جارہی ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر سات اعشاریہ نو ریکارڈ کی گئی ہے اور اس کا مرکز نیپال کے ضلع کاسکی کے ہیڈکواٹر پوکھرا کے مشرق میں 80 کلومیٹر دور کا علاقہ بتایا جاتا ہے۔

یہ علاقہ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کے مغرب میں واقع ہے۔ سوشل میڈیا پر نیپال سے منہدم عمارتوں کی تصاویر ڈالی جا رہی ہیں تاہم نقصانات کی مجموعی تصاویر سامنے نہیں آئی ہے۔

نیپال کے ایئر پورٹ کو پروازوں کے لیے بند کر دیا گيا ہے۔

نیپال کے علاوہ بھارت، پاکستان اور بنگلہ دیش میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے

،تصویر کا ذریعہSheelendra Shakya

،تصویر کا کیپشننیپال کے علاوہ بھارت، پاکستان اور بنگلہ دیش میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے

نیپال ریڈیو نے لوگوں سے گھروں سے باہر رہنے کی اپیل کی ہے کیونکہ مزید جھٹکوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لوگ ادھر ادھر بھاگ رہے ہیں ایمبولینس کے سائرن کی آوازیں سنائی دے رہیں جبکہ سرکاری ہیلی کاپٹر فضا میں پرواز کر رہے ہیں۔

زلزلے کے جھٹکے پاکستان سمیت بنگلہ دیش اور بھارت میں بھی محسوس کیے گئے۔

دہلی میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار مرزا عبدالباقی کے مطابق شہر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

انھوں نے بتایا کہ نیپال سے ملحق بھارتی ریاستوں میں دو بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

’دہلی کے کناٹ پلیس میں لوگ اونچی عمارتوں کو چھوڑ کر سڑکوں پر نکل آئے، تاہم ابھی ابھی کسی جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات نہیں ہیں۔‘

بھارتی رکن پارلیمان اور بی جے پی کے رہنما راجیو پڑتاپ روڈھی نے کہا ہے کہ بہار کے سیتا مڑھی ضلعے میں دو افراد کی موت ہو گئی ہے جبکہ بہار میں حفاظتی اقدام کے تحت بجلی کی فراہمی منقطع کر دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی ضلعے میں دو افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ جبکہ بہار کے مغربی چمارن کے بیتیا شہر سے ایک شخص کے دیوار کی زد میں آجانے سے موت کی خبر ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نے ٹوئیٹ میں امداد فراہم کرنے کی بات کہی ہے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنبھارتی وزیر اعظم نے ٹوئیٹ میں امداد فراہم کرنے کی بات کہی ہے

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹ میں بھارت اور نیپال میں متاثرین کی امداد کی بات کہی ہے۔

پاکستان کے میٹرولوجیکل آفس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے آزاد کشمیر، گلگت بالتستان، پیشاور اور لاہور میں بھی محسوس کیے گئے۔